افغانستان میں مسلسل ہونے والی بارشوں سے ڈیموں ٹوٹ گئے جس کے نتیجے میں رہائشی علاقوں میں داخل ہونے والے سیلابی ریلے میں 77 افراد بہہ گئے جب کہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق مسلسل ہونے والی مون سون بارشوں میں صوبہ پروان زیر آب آگیا، بارشوں سے ڈیموں کے بند ٹوٹ گئے اور سیلابی ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا، لینڈ سلائیڈنگ، ہورڈنگز گرنے اور مختلف واقعات میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔
صوبہ پروان کے محکمہ صحت کے سربراہ صفی اللہ واراستہ نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ سیلابی ریلا اپنے ساتھ 200 سے زائد افراد کو بہا کر لے گیا ہے اور جن میں سے تاحال 77 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ 100 سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے 15 کی حالت نازک ہے۔
سیلابی ریلے نے سب سے زیادہ نقصان صوبے پروان کے مرکزی شہر چاریکار کو پہنچایا جہاں 350 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور 80 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہیں۔
دارالحکومت کابل میں بھی سیلابی ریلے نے تباہی مچائی۔
واضح رہے کہ مون سون کی بارشوں نے جنوبی ایشیائی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، پاکستان، بھارت اور افغانستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں نے معمولات زندگی کو درہم برہم کردیا ہے اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔