ایران اقوام متحدہ کے جوہری ادارے آئی اے ای اے کے انسپکٹروں کو ان دو مشتبہ سابق جوہری مراکز کا معائنہ کرنے کی اجازت دینے پر رضامند ہو گیا ہے جس سے وہ پہلے انکار کرتا رہا ہے۔
ایران اور آئی اے ای اے کے ایک مشترکہ بیان میں ایران نے کہا ہے کہ وہ ان مراکز کے معائنے کی اجازت خلوص نیت کے تحت دے رہا ہے تاکہ کچھ دیرینہ مسائل حل ہو سکیں۔
معائنے کا معاہدہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کے ایران کے دورے کے دوران طے پایا ہے۔ آئی اے ای اے ماضی میں ایران کی طرف سے ان مشتبہ مقامات کے حوالے سے سوالوں کا جواب نہ دینے پر تنقید بھی کرتا رہا ہے۔ آئی اے ای اے کو شبہ ہے کہ یہ دونوں مقامات جوہری مواد کے حوالے سے کارروائیوں کے مراکز رہے ہیں اور ایران اسی لیے جوہری انسپکٹروں کو ان مراکز تک جانے کی اجازت نہیں دیتا تھا۔
