چین نے رواں ہفتے ایک بار پھر ہندوستانی فوج کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان دراندازی سے باز رہے ورنہ خطے میں امن کی خواہشات کو شدید نقصان پہنچے گا۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں چینی سفارت خانے نے ایک سخت بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان اپنے سرحدی فوجیوں کو لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی خلاف ورزی اور اشتعال انگیزی سے باز رکھے۔ ہندوستانی سرحدی فوجیوں نے ایک بار پھر پینگونگ سو جھیل کے جنوبی کنارے میں دراندازی کی ہے، جس پر چینی فوج نے اب تک صرف ضروری کارروائی کی ہے، تاہم اگر ہندوستان نے اپنے فوجیوں کو فوری طور پر واپس نہ بلایا تو خطے میں امن کو نقصان پہنچے گا۔
چینی ردعمل پر مودی حکومت نے روائیتی بیان بازی کا سہارا لیتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدی خلاف ورزی ہندوستانی فوج نہیں چین کی جانب سے کی گئی تھی، جسے فوج نے واپس دھکیل دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے دونوں جانب سے کچھ عرصے سے مسلسل متضاد بیانات سامنے آرہے ہیں، تاہم کشیدگی کی اصل وجہ عالمی و علاقئی سیاست میں بنتے بگڑتے نئے اتحاد اور ہندوستان کے جموں و کشمیر کو لے کر گزشتہ سال کے غیر قانونی اقدامات ہو سکتے ہیں۔ جو خطے میں دو بڑے ممالک میں کشیدگی کو مسلسل بڑھا رہے ہیں۔