فرانس نے کووڈ19 کے مریضوں کی بڑھتی صورتحال پر دوبارہ ملک بھر میں تالہ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمینیول میکرون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمیں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دوبارہ تالہ بندی کے لیے جانا پڑے گا۔
فی الحال تالہ بندی کا فیصلہ یکم دسمبر تک کیا گیا ہے تاہم اسے بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ بروز منگل فرانس میں یومیہ 523 اموات ریکارڈ کی گئیں، جبکہ یورپی ملک میں اب تک مجموعی طور پر 35000 افراد کی اموات ہو چکی ہیں۔ اور متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔
دوسری طرف جرمنی نے بھی خطے میں خطرے کو بھانپتے ہوئے سوموار سے تالہ بندی کا اعلان کر دیا ہے، جرمنی بھی ایک ماہ کے لیے تمام سماجی و معاشی سرگرمیوں کو بند رکھے گا۔
جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگرچہ ہمارا نظام صحت اب تک صورتحال کو سنبھالے ہوئے ہے تاہم تیزی سے بگڑتی صوتحال کے پیش نظر ہم ایک ماہ کے لیے تالہ بندی کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جرمنی مغربی یورپ کے کم ترین متاثرہ ممالک میں سے ہے، جس کی بظاہر وجہ عوام کا حکومت پر اعتماد اور حکومت کا شہریوں خصوصاً چھوٹے کاروبار والوں کو انکے ماہانہ منافعے کا 70 فیصد دینے کی پالیسی ہے۔ جو اب بھی برقرارہے گی۔ جرمنی میں اب تک پونے پانچ لاکھ افراد متاثرہ ہیں اور 10 ہزار 1 سو سے زائد اموات ہوئی ہیں۔