امریکی صدر جوبائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر شبہے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو دیگر سابق صدور جیسی مراعات نہیں دی جانی چاہیے۔ صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتہائی غیر متوقع طبیعت کے مالک ہیں، ان کو امریکی صدور کو حاصل حساس معلومات تک رسائی ملک کے لیے خطرناک ہے۔
سی بی ایس کے شو میں صدر بائیڈن سے پوچھا گیا کہ کیا حکومت سابقہ صدر کو خفیہ معلومات کی رسائی دے گی، جس پر صدر نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ نہیں دینی چاہیے، انہیں ایسی سہولت دینے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔ وہ جس شخصیت کے مالک ہیں کسی دن کسی کے سامنے حساس معلومات اگل دیں گے۔ جوبائیڈن نے کیپیٹل ہل پر دھاوے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے شخص کو ملک کی حساس معلومات تک رسائی کیسے دی جا سکتی ہے، جس کے حمائتی سرکاری عمارتوں ہر حملہ کریں۔
نیویارک ٹائمز نے اپنی خصوصی خبر میں کہا ہے کہ امریکی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہو گا کہ کسی سابق صدر کو حساس معاملات کی پیش رفت سے آگاہ نہ کیا جائے، اور معاملات پر انکی رائے نہ لی جائے۔ امریکی سیاست میں حاضر صدر کے لیے سابہ صدور کی رائے کو کافی مؤثر مانا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ جمی کارٹر، بل کلنٹن، ڈبلیو بش اور باراک اوباما کا شمار ان صدور میں ہوتا ہے جنہیں یومیہ بنیاد پر حساس معاملات سے آگاہ کیا جاتا تھا اور انکی رائے سے حاضر صدور کو بھی آگاہ کیا جاتا تھا۔
اس کے علاوہ یاد رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے صدر ہیں جنہیں دوہری بار مواخذے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔