جاپان کے مشرقی ساحلی علاقے میں 7 اعشاریہ 2 ریکٹر سکیل شدت کے زلزلے کے بعد انتظامیہ نے سونامی کا انتباہی اعلان جاری کیا ہے۔ شام 6 بجے آنے والے زلزلے کا مرکز 60 کلومیٹر گہرائی میں تھا، جس کے بعد تاحال بعداز زلزلہ جھٹکے محسوس کیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ نے ساحلی علاقے سے 7000 خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق زلزلے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ ایک بوڑھی خاتون سمیت 3 افراد کے معمولی زخمی ہونے کی خبر ہے۔
انتظامیہ نے علاقے کی ریلوے اور جوہری بجلی گھر کو بھی بند کر دیا ہے، اور بجلی گھر کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ 2011 میں ایک زلزلے کے باعث جوہری بجلی گھر میں پڑنے والی دراڑوں سے بڑا علاقہ متاثر ہوا تھا۔