امریکہ کی سب سے بڑی پائپ بنانے والی کمپنی کولونیئل پائپ لائن پر سائبر حملہ کیا گیا ہے۔ حملے کے نتیجے میں فیکٹری میں پائپ کی پیداوار مکمل طور پر روک دی گئی ہے، کمپنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام نظام بند کر دیاگیا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ صبح کمپنی نیٹ ورک میں مسائل دیکھنے کو ملے، جس کے بعد ایک نجی کمپنی سے مشاورت پر فوری سارا آئی ٹی نظام بند کر دیا گیا اور اب کمپنی جائزہ لے رہی ہے۔
کولونیئل کا کہنا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی اداروں کو بھی حملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور نامعلوم حملہ آوروں کے نام درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے۔
کمپنی فی الحال کسی قسم کی تفصیل دینے سے انکار کر رہی ہے کہ حملہ کس نے کیا، کیوں کیا، کہاں سے کیا یا کس سائبر کمپنی سے خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ کولونیئل نے فوری طور پر کام شروع ہونے کے متوقع وقت سے بھی آگاہ نہیں کیا جس کے باعث مارکیٹ میں بڑے حملے کی افواہیں سرگرم ہیں، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اس وقت انکی ساری توجہ اثاثہ جات کو محفوظ کرنے اور مؤثر بحالی کو یقینی بنانے پر ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق متاثرہ کمپنی کے حجم کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ اگر فوری کمپنی کی پیداوار شروع نہ ہوئی تو امریکہ میں ایندھن کی فراہمی میں خلل آسکتا ہے۔ کمپنی امریکہ کی سب سے بڑی پائپ لائن آپریٹر ہے، جو اپنے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے یومیہ ڈھائی لاکھ بیرل پٹرول، ڈیزل، اور جیٹ فیول کی ترسیل کرتی ہے۔ کمپنی امریکہ کے مشرقی ساحل کے علاقوں کا لگ بھگ 45 فیصد ایندھن فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔