
ففتھ جنریشن وار اور پاکستانی میڈیا کا المیہ
مہمان تحریر - سلیم صافی -
ففتھ جنریشن وار کی اصطلاح اگرچہ مغربی ماہرین حرب نے ایجاد کی تھی لیکن وہاں یہ اصطلاح زیادہ تر سائبر وار کے لیے استعمال ہوتی ہے،گزشتہ تین چار سال کے دوران اگر کسی ملک میں اس اصطلاح کا سب سے زیادہ تذکرہ ہوا تو وہ پاکستان ہے کیونکہ پاکستان چلانے والوں کو یقین ہے کہ اس وقت پاکستان کے خلاف ففتھ جنریشن وار کے تحت پوری قوت کے ساتھ حملہ کیا گیا ہے۔
یہ تشویش یوں بجا ہوسکتی ہے کہ جن ممالک میں نسلی، علاقائی، مذہبی، فرقہ وارانہ ، سماجی اور ادارہ جاتی بنیادوں پر فالٹ لائنز موجود ہوں تو اس کے دشمن روایتی جنگ کی بجائے پروپیگنڈے کی جنگ کے آپشن کو استعمال کرتے ہیں اوربدقسمتی سے پاکستان ان فالٹ لائنز کے حوالے سے خودکفیل ہے۔
امریکی میجر شینن بیبی کا کہنا ہے کہ ففتھ جنریشن وار کا سب سے بڑا عامل محرومی ہے اور ماشاء اللہ پاکستان میں ہر طرف محرومیاں ہی محرومیاں ہ...