مغربی ممالک کی جانب سے شہریوں کو یوکرین میں روس کے خلاف لڑنے کے لیے ورگلانے کی مہم تیز ہوتی جا رہی ہے۔ ایسے میں روس نے اعلان کیا ہے کہ اسکی افواج اس سارے معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اور ایسے افراد کو چن چن کر مارا جائے گا۔
گزشتہ روز یاووروو کے علاقے میں روس نے ایک کیمپ پر حملے میں مغربی ممالک سے آکر جمع ہوئے 180 سے زائد جنگجوؤں کو نشانہ بنایا اور سب کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق حملے میں 3 برطانوی جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔
روسی فوج کے ترجمان میجر جنرل لگور کوناسینکوو نے اپنے بیان میں کہا کہ مغربی ممالک سے روس کے خلاف لڑنے کے لیے آنے والے جنگجوؤں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ہم انہیں تنبیہ کرتے ہیں کہ جنگجوؤں پر کسی قسم کا رحم نہیں کیا جائے گا، انہیں یوکرین میں چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی، وہ اپنی موت کے خود زمہ دار ہوں گے۔
فوجی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مغربی ممالک کی حکومتیں شہریوں کو گمراہ کر رہی ہیں، اور انہیں اکسا کر یوکرین میں بھیجا جا رہا ہے، ان افراد کی موت کی زمہ داری ان کی حکومتوں پر عائد ہو گی۔ روس یوکرین پر اپنے اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے، غیر ملکی جنگجو اسے نہیں روک سکیں گے۔