امریکی کمپنی میٹا یعنی فیس بک اور انسٹاگرام آسٹریلوی سیاستدانوں کے لیے خصوصی تربیتی منصوبے کا انتظام کر رہی ہے، جس میں انہیں سماجی میڈیا خصوصاً فیس بک پر جعلی خبروں سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کا اعلان ملک میں عام انتخابات سے قبل کیا گیا ہے، جس میں انتخابی مہم کو منظم اور سیاسی کشیدگی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔
میٹا کے آسٹریلیا میں نمائندے جوش ماکن نے منصوبے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی ان کی ویب سائٹ سے متعلق تمام امور بشمول مسائل و سماجی خطرات پر گہری نظر رکھتی ہے اور اسی کے پیش نظر اس منصوبے کو متعارف کر رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ منصوبے کا مقصد متعلقہ افراد اور عوامی آگاہی کو بڑھانا ہے، جس سے آسٹریلیا میں انتخابات کو مزید شفاف اور قابل اعتماد بنانے میں مدد ملے گی۔
میٹا نمائندے کا مزید کہنا تھا کہ انکی کمپنی آسٹریلوی حکومت خصوصاً سکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کرتی ہے۔ اس سے سیاسی رہنماؤں کو نہ صرف سائبر حملوں سے بچایا جاتا ہے بلکہ جرائم پیشہ کرداروں خصوصاً جعلی خبروں سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
کمپنی نے آسٹریلوی انتخابات میں سیاسی عمل کو شفاف رکھنے کے لیے خصوصی عملہ بھی وقف کیا ہے تاکہ ہر قسم کے بدعنوان عناصر سے بچا جا سکے۔