یورپی ممالک فرانس، برطانیہ، اٹلی اور اسپین کے سربراہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کو خبردار کیا ہے کہ وہ ویسٹ بینک کے اسرائیل کے ساتھ الحاق کے منصوبے کو ترک کردیں کیونکہ اس کے بہت خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔
اسرائیل کے نشریاتی ادارے چینل-13 کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے نتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے ہر طرح کے یک طرفہ فیصلے سے پرہیز کرنے کو کہا ہے۔ میکرون کا کہنا تھا کہ ویسٹ بینک کے حصے کے اسرائیل میں الحاق کے مغربی ایشیا کے امن و استحکام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔برطانیہ کے وزیر اعظم نے بھی نتن یاہو سے ایسے اقدامات نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
اسپین کے وزیر اعظم نے ایک پیغام بھیج کر نتن یاہو سے عالمی قوانین کا احترام کرنے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر فرانس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل میں ویسٹ بینک کے الحاق کے اقدامات پر بے شک شدید رد عمل آ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ جولائی 2020 سے ویسٹ بینک کے کچھ حصوں کے اسرائیل میں الحاق کا آغاز شروع کرے گا۔ یہ اعلان نیتن یاہو کے انتخابی بیانیے کا حصہ ہے ۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنی انتخابی مہم کے دوران عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اگر ان کی پارٹی انتخابات جیت گئی تو وہ فلسطین اور اردن کے اسرائیلی مقبوضہ علاقوں کو باقاعدہ اسرائیل میں شامل کرلیں گے