امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہِ، چین اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازع پر ثالثی کے لیے تیار ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ امریکہ، چین اور بھارت تنازع میں ثالثی کے لئے تیار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان موجود مسئلے کو حل کراسکتا ہے۔صدرڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ثالثی کی پیشکش کے حوالے سے دونوں ممالک کو آگاہ کردیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں مشرقی لداخ کے علاقے میں بھارتی اہلکاروں کی چینی فوج سے جھڑپیں ہوئی تھیں جب کہ سرحدی خلاف ورزی پر چین کی جانب سے بھارتی فوجیوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
واضح رہے کہ مشرقی لداخ کی سرحد پر بھارت چین تناؤ برقرار ہے اور مذاکرات کے باوجودکشیدگی کم نہیں کی جاسکی ہے۔ دونوں ممالک کی افواج آمنے سامنے ہیں اور ان کے درمیان کئی جھڑپیں ہو چکی ہیں ۔بھارتی فوج ہزیمت اٹھانے اور پسپائی اختیار کرنے کے بعد بار بار مذاکرات کی پیشکش کر چکی ہے جبکہ چین کی طرف سے بھارتی پیشکش کا کوئی جواب تا حال نہیں دیا گیا ہے