اسلامی جمہوریہ ایران کی عدالت نے ایرانی فوج کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی بغداد میں ہونے کی اطلاع امریکہ کو دینے پراپنے شہری سید محمود موسوی مجد نامی کو سزائے موت کی سزا سنائی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے تہران میں صحافیوں سے گفتگو میں سی آئی اے کے جاسوس کی پھانسی کی سزا کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سی آئی اے سے منسلک حال ہی میں سید محمود موسوی مجد نامی ایک فرد کو سپاہ قدس اور شہید میجر جنرل سلیمانی کے بارے میں معلومات جمع کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ جس پر ایرانی عدالت نے اسے پھانسی کی سزا سنائی ہے اور ایران کی اعلیٰ عدلیہ نے بھی اس پھانسی کے حکم کو برقرار رکھا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سی آئی اے کے جاسوس کو عنقریب پھانسی دے دی جائےگی۔ غلام حسین اسماعلی نے کہا کہ ایران کی تمام جیلیں ایرانی عدلیہ کے زیر نظر ہیں اور کسی بھی قیدی کی رہائی یا عدم رہائی کا فیصلہ ایرانی عدلیہ کے ہاتھ میں ہے۔