پاکستان میں ترکی کے تعاون سے پاک بحریہ کے لیے جدید چھوٹے بحری جنگی جہازوں ’میلجم کلاس کارویٹس‘ کی تیاری کا سنگ بنیاد کراچی بحریہ میں رکھ دیا گیا۔ ترک خبر رساں ادارے ’اناطولیہ‘کی رپورٹ کے مطابق تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (کے ایس ای ڈبلیو) میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان نیوی اور ترکی کی سرکاری دفاعی کمپنی اے ایس ایف اے ٹی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ سنگ بنیاد کی تقریب میں کے ایس ای ڈبلیو کے منیجنگ ڈائریکٹ ڈائریکٹر ریئر ایڈمر اطہر سلیم مہمان خصوصی تھے۔
منصوبے کا آغاز جولائی 2018 میں پاک بحریہ نے اے ایس ایف اے ٹی کے ساتھ معاہدے کے ساتھ کیا تھا۔ جس کے تحت پاکستان 4 میلجم کلاس چھوٹے بحری جہاز حاصل کرے گا۔ معاہدے کے تحت 2 جہاز ترکی میں جبکہ 2 پاکستان میں تیار ہوں گے۔ مذکورہ معاہدے کی رو سے ’ملیجم کلاس کارویٹس‘ کی ٹیکنالوجی بھی پاکستان کو دی جائے گی۔
ملیجم بحری جہاز 99 میڑ طویل اور 29 ناٹیکل مائل کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ملیجم آبدوز کے ریڈار سے پوشیدہ رہنے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ طیارہ شکن اور دیگر جدید ہتھیاروں سے بھیی لیس ہے، جس سے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ جس سے بحر ہند میں امن، استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں مدد ملی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیجر شپ بلڈنگ کموڈور محمد جہانزیب احسن نے مقامی سطح پر جنگی جہاز کی تعمیر اور دیگر دفاعی شعبوں میں تعاون کے لیے ترکی اور پاکستان کے مابین گہری دوستی کی تاکید کی۔