عالمی انٹرنیٹ کمپنی گوگل نے ہندوستان میں 10 بلین ڈالر کی بڑی سرمایہ کاری کا عندیا دیا ہے۔ سرمایہ کاری آئندہ پانچ سے سات سالوں پر محیط ہوگی جس کا مقصد ہندوستان سمیت دیگر بڑی مارکیٹوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو پروان چڑھانا ہے۔
منصوبے کی تفصیل بتاتے ہوئے گوگل کے سربراہ سندر پچائی نے کہا کہ ہم مقامی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے معاہدے، نئی ڈیجیٹل کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری، ماحول دوست منصوبوں کی معاونت اور تکنیکی معاونت کی صورت میں ہندوستان کی مدد کریں گے۔
مزید تفصیل کے مطابق گوگل ہر طرح کی معلومات کی مقامی زبانوں میں فراہمی، مقامی آبادی کی ضروریات کے تحت مصنوعات اور خدمات کی سہولت کے لیے منصوبوں کی معاونت، چھوٹے کاروباروں کو ڈیجیٹل کرنے میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی بہبود، صحت، تعلیم اور زراعت میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو متعارف کروانے کے منصوبے متعارف کروائے گا۔
سندر پچائی کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کو ایک ارب ہندوستانیوں تک پہنچانے کے لیے ابھی مزید بہت کچھ کرنا باقی ہے، ابھی صرف ایک تہائی آبادی انٹرنیٹ اور فون سے منسلک ہے۔ مقامی زبانوں میں سہولیات و معلومات فراہم کرنے سے اور نوجوانوں کو نئے افکار پر کام کرنے میں مدد فراہم کرنے سے ہم انقلاب بڑپا کر سکتے ہیں۔
منصوبے پر ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی خصوصی ٹویٹ پر خوشی کا اظہار کیا۔
کچھ عرصہ قبل فیس بک بھی ہندوستان میں پانچ اعشاریہ 7 بلین ڈالر اور ایمازون ساڈھے سات بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے دے چکی ہیں۔