نو برس کی ہونہار پاکستانی طالبہ نے کیمیا کے دوری جدول (پیریاڈک ٹیبل) میں عناصر کو درست ترتیب میں رکھنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
اٹھارہ جولائی کو لاہور کی نتالیہ نجم نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ نتالیہ نجم نے صرف دو منٹ 42 سیکنڈ میں دوری جدول کے عناصر کو برق رفتاری سے اپنی جگہ پر رکھ کر کم ترین مدت میں ان کو ترتیب کے ساتھ پیش کیا اور نتالیہ نے یہ کام گزشتہ ریکارڈ سے سات سیکنڈ کم مدت میں انجام دیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ ہندوستانی پروفیسر میناکشی اگروال کے نام تھا۔ اس کارنامے کو انجام دینے کے بعد نتالیہ بہت خوش تھیں، جبکہ موقع پر موجود گنیز بک آف ورلڈریکارڈ کے ججوں نے ان کو سراہا۔
طالبہ نتالیہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں غیرمعمولی دلچسپی رکھتی ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ دنیا کے دیگر بچے بھی ان کے کام سے متاثر ہوکر سائنس، ٹیکنالوجی، انجیئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم) کی جانب راغب ہوں۔
جوں ہی پاکستانی سوشل میڈیا میں نتالیہ کی ویڈیو اور پوسٹ سامنے آئیں تو فیس بک صارفین نے انہیں بہت سراہا۔ کئی افراد نے انہیں پاکستان کی انتہائی کم عمرسائنس داں کا نام بھی دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نتالیہ کے والد حسن نجم نے کہا ہے کہ اب تک نتالیہ کو کسی اسکول میں داخل نہیں کرایا گیا اور انہیں گھر پر ہی تعلیم دی جارہی ہے۔