امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات سے قبل بڑا قدم اٹھاتے ہوئے روسی اسکینڈل اور سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کی ای میل اسکینڈل سے وابستہ تمام دستاویزات کو بلا کسی تبدیلی اور سنسر کے عام کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ امریکی تاریخ کے سب سے بڑے سیاسی جرم اور الزام سے پردہ اٹھارہے ہیں۔
اپنے دوسرے پیغام میں صدر نے کہا کہ وہ یہ قدم بہت پہلے اٹھا لینا چاہتے تھے تاہم بدقسمتی سے انکے لوگوں نے بہت سست روی سے کام لیا، ہمیں متحرک ہوناپڑے گا۔
صدر کی جانب سے دستاویزات عیاں کرنے کا اعلان قومی حساس ادارے کے سربراہ کے اجازت نامے کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے صدر ٹرمپ پر روس سے مدد لے کر انتخابات جیتنے کے الزام سے وابستہ تمام دستاویزات سامنے لانے کی اجازت دی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی حساس ادارے کے سربراہ سے قومی سلامتی کے معاملات پر دستاویزات سامنے لانے سے قبل اجازات لینا ضروری ہوتی ہے۔
سامنے آنے والے دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ ہیلری کلنٹن نے اوباما کے آخری دور میں اپنے ای میل اسکینڈل سے عوامی توجہ ہٹانے کے لیے صدر ٹرمپ پر الزام لگانے کی سازش گھڑی کہ صدر ٹرمپ نے انتخابات جیتنے کے لیے روس سے مدد لے رہے ہیں۔
سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے ترجمان نِک میرل نے ایک بار پھر الزامات کی تردید کرتے ہوئے اسے ردی قرار دیا ہے۔