امریکی ریاست فلیڈیلفیا میں پولیس کو پروپین گیس اور بارود سے بھری گاڑی ملی ہے، جس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ بارود سے بھری گاڑی ملنے پر فوری بم سکواڈ کو طلب کر لیا گیا اور وین کو عوامی مقامات سے دور لے جا کر اسے ناکارہ بنا دیا گیا۔ جبکہ دوسری طرف ریاست میں پر تشدد مظاہروں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل فلیڈیلفیا میں پولیس والے کے ہاتھوں ایک شہری کی ہلاکت پرعوام سڑکوں پر مظاہرے کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق بارود سے بھری گاڑی مقامی وقت کے مطابق 10 بجے ملی، جس پر فوری بم سکوارڈ کو طلب کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گاڑی میں کوئی نہ تھا، تاہم معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کو شک ہے کہ اس کا تعلق شہر میں جاری حالیہ مظاہروں سے ہے۔
ریاستی گورنر نے شہری دفاع کے لیے قومی گارڈ طلب کر لیے ہیں تاکہ لوٹ مار اور آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔ پولیس کے مطابق اب تک 200 سے زائد شاپنگ مالوں میں لوٹ مار اور آتشزدگی کی جا چکی ہے، جس کی وجہ سے روزانہ رات کو کرفیو لگا دیا جاتا ہے۔