برطانوی حکومت نے شہریوں کی صحت سے متعلق موجود معلومات کے تحت جسمانی طور پر شدید کمزور افراد کو مفت وٹامن ڈی کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیا ہے، وٹامن ڈی کی گولیاں شہریوں کو انکے دروازے پر پہنچائی جائیں گی۔
منصوبے کے تحت ملک بھر میں 25 لاکھ افراد کو وٹامن ڈی کی گولیاں فراہم کی جائیں گی۔ محکمہ صحت کے مطابق منصوبے سے سردیوں میں وباء اور دیگر بیماریوں سے بچنے میں مدد ملے گی، اور اسپتالوں پر مریضوں کے دباؤ میں بھی کمی آئے گی۔
منصوبے کی تفصیلات کے مطابق اولڈ ایج ہوم کو سب سے پہلے وٹامن ڈی کی ترسیل کی جائے گی جبکہ ملکی ادارہ شماریات اور محکمہ صحت کے پاس موجود معلومات کے تحت شدید کمزور افراد کو بھی جنوری سے وٹامن ڈی کی فراہمی کا آغاز کر دیا جائے گا۔ منصوبہ چار ماہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ وٹامن ڈی جسم کے لیے ضروری کیلشیم کی مقدار کو ہڈیوں اور عضلات میں محفوظ کرنے میں مدد کرتا ہے، جبکہ مختلف تحقیقی مقالوں میں بھی وٹامن ڈی اور کووڈ-19 میں تعلق کو زیر بحث لایا گیا ہے، اگرچہ اس تحقیق پر ابھی ختمی رائے سامنے نہیں آئی ہے۔
محققین کی رائے میں کووڈ-19 وباء کے باعث لوگ گھروں سے نکل نہیں پائے اور ان میں قدرتی طور پر وٹامن ڈی کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے پیش نظر کمزور شہریوں کو فوری وٹامن ڈی کی فراہمی سے صحت کے نظام پر ممکنہ بڑھنے والے دباؤ کو روکا جا سکتا ہے۔
یاد رہے گزشتہ ماہ برطانوی حکومت نے وٹامن ڈی کی اہمیت کے حوالے سے مہم چلانے کے منصوبے کا اعلان بھی کیا تھا۔