چین نے ایٹمی توانائی کا مکمل طور پر مقامی اور نئے طرز کا بجلی گھر بنا لیا ہے۔ ملک کے جنوب مشرقی صوبے فوجیان میں ہوالونگ ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ملک کے پہلے مقامی ساختہ بجلی گھر کو بروز جمعہ قومی گرڈ سے جوڑا گیا۔
چین اگلے قدم پر ٹیکنالوجی کو دنیا بھر میں فروخت کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، منصوبے کے سربراہ کے مطابق کچھ تجربات کے بعد جلد ٹیکنالوجی کو تجارتی پیمانے پر متعارف کروا دیا جائے گا۔
چین کے قومی ادارہ برائے ایٹمی توانائی تعاون کے مطابق نئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ بجلی گھر 60 سال تک بلا تعطل بجلی پیدا کر سکتا ہے اور یہ دنیا کی محفوظ ترین ٹیکنالوجی ہے۔ منصوبے کا آغاز 2015 میں کیا گیا تھا، اور اب اس کے 6 منصوبے چین کے دیگر شہروں میں جاری ہیں۔
اس ماہ کے آغاز پر ہوالونگ ٹیکنالوجی کو یورپی یونین کے متعلقہ ادارے سے بھی محفوظ ہونے کا سرٹیفکیٹ مل گیا ہے، جس کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ جلد عالمی سطح پر اس کی مانگ شروع ہو جائے گی۔