آزربائیجان کے واپس حاصل کردہ علاقے کاراباخ کے ایک دیہات میں آرمینیائی اور آزری افواج میں پھر جھڑپ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ واقع اس وقت پیش آیا جب معاہدے کے باوجود چند آرمینیائی فوجیوں نے ہدرات نامی دیہات سے نکلنے سے انکار کر دیا اور آزری فوجیوں پر فائرنگ کی۔
یاد رہے کہ نومبر2020 میں آرمینیا نے باقائدہ شکست تسلیم کرتے ہوئے کاراباخ کا علاقہ خالی کرنے کا امن معاہدہ کیا تھا، تاہم فوجیوں کے ایک چھوٹے جتھے نے معاہدے کو تسلیم کرنے سے انکار کیا اور گاؤں خالی کرنے سے انکار کرتے ہوئے مزاحمت کا اعلان کیا۔
صورتحال پر پہلے تو آرمینیا کی وزارت دفاع نے تعینات کردہ روسی امن فوجیوں سے مدد طلب کی لیکن مسئلہ حل نہ ہونے پر آزری فوجیوں کو آگے بڑھنا پڑا، جس پر آرمینیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ آزربائیجان نے فوجیوں پر فائرنگ کر کے امن معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور انکے متعدد فوجی زخمی ہوئے ہیں، جبکہ آزری فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں آرمینیا کے فوجیوں نے اشتعال دلایا اور کارروائی میں انکے چار فوجی جاں بحق ہوئے ہیں۔