امریکی انتخابی نتائج پرتنازع طول پکڑتا جا رہا ہے اور صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر انتخابات کو دھاندلی شدہ قرار دیتے ہوئے قانونی جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس وقت بہت کم ہے لیکن ہم نے انہیں پکڑ لیا ہے، سب نے دیکھا ہے کہ یہ کیسے جعلی ووٹ انتخابی ڈبوں میں ڈال رہے تھے، کوئی مان نہیں سکتا کہ ایسا ہوا لیکن یہ حقیقت ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ وہ تیسری دنیا کے کسی ملک میں رہ رہے ہیں، اور انہیں خوف ہے کہ ایک غیر قانونی صدر کے ہوتے امریکہ کا کیا ہو گا۔
واضح رہے کہ امریکی اعلیٰ عدالت بھی ریپبلک جماعت کی دھاندلی سے متعلق درخواست کو مسترد کر چکی ہے جس کے باعث کم از کم تاحال صدر ٹرمپ کی متنازع چار ریاستوں میں دوبارہ انتخابات کی امید پوری ہوتی نظر نہیں آتی ہے۔