امریکی ابلاغی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے فرانسیسی نشریاتی اداروں کو جملہ حقوق کی خلاف ورزی پر 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ادا کرنے کی حامی بھر لی ہے۔ فریقین کے مابین گزشتہ ایک سال سے مقدمہ چل رہا تھا جسے ختم کرنے کے لیے گوگل نے فرانسیسی میڈیا کو ادائیگی کرنے کی حامی بھرلی ہے۔
مقامی نشریاتی ادارے کی خبر کے مطابق ادائیگی 121 فرانسیسی کمپنیوں کو کی جائے گی۔ جس میں کمپنیوں کے مابین اپنے حصے پر بھی اتفاق ہو چکا ہے۔
ادائیگی کی تفصیل کے مطابق گوگل آئندہ تین سالوں میں سالانہ 2 کروڑ 22 لاکھ کے حساب سے ادائیگی کے گا۔ اس کے علاوہ ایک کروڑ ڈالر آئندہ 3 سالوں کے لیے جملہ حقوق استعمال کرنے کے خلاف مقدمہ نہ کرنے کی مد میں بھی ادا کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال یورپی اتحاد نے نئی قانون سازی میں ابلاغی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو پابند کیا تھا کہ وہ مقامی میڈیا کے نشریاتی مواد کو استعمال کرنے پر انہیں ادائیگیاں کریں۔
معاملے پر متعدد مقامی ویب سائٹوں او نشریاتی اداروں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف بڑی مچھلیاں یا خاص لابی کا حصہ کمپنیاں معاہدے سے فائدہ اٹھائیں گی، معاہدے میں چھوٹے اداروں کو کوئی تحفظ نہیں دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق گوگل نے فرانسیسی پریس کے ایک اہم لابی گروہ سے بھی جملہ حقوق کا معاہدہ کیا ہے، جسکی تفصیل ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
چھوٹی مقامی ویب سائٹ کمپنیوں نے مشترکہ ردعمل میں کہا ہے کہ اس مافیا معاہدے میں صرف خاص لابی کی نشریاتی کمپنیوں کو فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ انہیں انفرادی طور پر ہونے والے مالی فائدے کو بھی عوام کے سامنے پیش نہیں کیا گیا، انکا مزید کہنا ہے کہ گوگل نے ملک میں میڈیا کی تقسیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مالی بچت کی ہے۔