آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہزاروں مظاہرین نے کورونا تالہ بندی کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرین حکومت سے سخت نالاں تھے اور چانسلر سے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مقامی اخبار کے مطابق مظاہرے میں 15 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ پابندی کے باوجود اکٹھا ہونے پر پولیس نے مظاہرین کو بکھر جانے کا حکم دیا اور عملدرآمد نہ ہونے پر درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
مظاہرین پر تشدد کرنے پر سماجی حلقوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ آسٹریا میں اب تک 4 لاکھ 72 ہزار 871 کورونا مریضوں کا اندراج ہوا ہے، جبکہ 864 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی تالہ بندی میں کچھ نرمی کا عندیا دیا تھا تاہم برطانوی قسم کے وائرس کے خوف کے باعث حکومت تذبذب کا شکار ہے اور نرمی کرنے سے گریزاں ہے۔