اطالوی (اٹلی) حکومت نے دو روسی سفارت کاروں پر جاسوسی کا الزام لگاتے ہوئے انہیں فوراً ملک سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔ اطالوی سرکار کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے دارالحکومت روم میں ایک خفیہ جاسوسی کا جال پکڑا ہے، جس میں مقامی افراد بھی شامل ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ جاسوسی کا یہ جال حساس معلومات ماسکو بھیجتا ہے۔ پولیس نے جال کا حصہ دو مقامی شہریوں کو گرفتار بھی کیا ہے، جن سے تفتیش کی جا رہی ہے، واضح رے کہ ان میں سے ایک بحریہ کا اعلیٰ افسر بھی ہے۔ جبکہ وزارت خارجہ نے روسی سفیر کو فوری دفتر خارجہ میں جوابدہی کے لیے طلب کیا ہے۔
اطالوی پولیس کا دعویٰ ہے کہ روسی سفارتی عملہ مقامی افراد کی مدد سے حساس معلومات جمع کر رہا تھا، جن میں کچھ سفارتی عملے کے نجی ملازمین بھی ہیں۔
معاملے پر روسی وزارت خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ انہیں اطالوی حکومت کے اقدام پر افسوس ہے پر کسی قسم کے ردعمل سے قبل روس مکمل معلومات کا منتظر ہے۔
صدر ولادیمیر پوتن کے ترجمان نے بھی ملے جلے ردعمل میں کہا ہے کہ انہیں امید ہے اطالیہ کسی سخت اقدام سے قبل دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مدنظر رکھے گا، روس ردعمل کا حق تفصیل سامنے آنے کے بعد استعمال کرے گا۔