فلسطین میں جنگ بندی کے اعلان پر لوگ سجدہ شکر ادا کر کے سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور خوفناک جنگ کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
قابض صیہونی انتظامیہ اور فلسطینیوں کے مابین 11 روز بعد جنگ بندی کا معاہدہ ہوا ہے، جس پر خصوصی طور پہ غزہ، بیت المقدس اور دیگر مسلم اکثریتی آبادی والے علاقوں میں جشن منایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جنگ میں 10 خواتین اور بچوں سمیت 250 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں جبکہ 2000 سے زائد زخمی ہیں، 50 ہزار سے زائد افراد کے بے گھر ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ دوسری طرف قابض صیہونی افواج کے 12 فوجی، 2 عام شہری اور ایک ہندوستانی شہری کے مارے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔
قابض افواج کی بمباری سے غزہ میں 450 عمارتیں نیست و نابود ہو چکی ہیں جن میں 6 اسپتال، 9 ڈسپنسریاں، اسکول اور میڈیا دفاتر بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق قابض صیہونی انتظامیہ نے غزہ میں کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے قائم ڈھانچہ جس میں ٹیسٹ لیب، ویکسین اور ادویات کے کیمپ شامل تھے، مکمل تباہ کر دیا ہے۔ عالمی ادارے نے فوری امداد کی درخواست کی ہے۔