چین ملک بھر میں جدید ترین مواصلاتی ٹیکنالوجی 5جی کے دس لاکھ انٹینے نصب کر نے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے، جو اس وقت دنیا بھر میں نصب 5جی انٹینوں کا 70٪ فیصد ہے۔ چین میں اس وقت 5جی استعمال کرنے والوں کی تعداد 40 کروڑ سے بڑھ گئی ہے، جو دنیا بھر میں مجموعی صارفین سے بھی زیادہ ہے۔ چینی حکومت کے مطابق 2023 تک چین میں 56 کروڑ افراد 5جی ٹیکنالوجی کے حامل ہوں گے، یعنی 40٪ آبادی جدید اور تیز ترین مواصلاتی کا استعمال کر رہی ہو گی۔
چینی وزیر برائے صنعت و مواصلاتی ٹیکنالوجی ژیاؤ یاکنگ کے مطابق چین اس وقت بلا شرکت غیر مواصلاتی ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا کی قیادت کر رہا ہے، اور ٹیکنالوجی سے وابستہ بیشتر جملہ حقوق چین کے پاس ہیں۔
واضح رہے کہ چین نے دنیا میں سب سے پہلے اکتوبر 2019 میں 5جی ٹیکنالوجی عام شہریوں کے لیے متعارف کروائی تھی، سن 2020 میں چین نے ملک بھر میں 5 لاکھ 80 ہزار انٹینے نصب کیے، 2021 میں اب تک یہ تعداد دس لاکھ کا عدد پھلانگ چکی ہے اور آئندہ 4 ماہ میں مزید 6 لاکھ انٹینے نصب کیے جانے کا ارادہ ہے۔ یاد رہے کہ اس وقت چین کے تمام بڑے شہر 5جی سے منسلک ہیں، جبکہ دنیا کے کئی دارالحکومت بھی تاحال اس سے قاصر ہیں۔
دوسری طرف چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے نے 2030 میں 6جی کی تنصیب کا منصوبہ بھی بنا لیا ہے۔