امریکہ کی ایک بڑی گوشت کمپنی پر چھاپے کے دوران پولیس نے ۱۳ برس تک کے کم عمر 102 چھوٹے بچوں کو غیرقانونی مزدوری کرتے دھر لیا ہے۔ بچے کمپنی کے قصاب خانے میں گوشت دھونے اور پیک کرنے کا کام کر رہے تھے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق بچوں کی عمر ۱۳ سے ۱۷ برس ہے، جو کمپنی کی ۱۳ مختلف فیکٹریوں میں غیرقانونی طور پر رات میں کام کر رہے تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کمپنی کو ۱۵ لاکھ ڈالر کا جرمانہ کیا گیا ہے۔
میڈیا کے مطابق بچے خطرناک کیمیکل اور تیز دھار آلوں سے کام کرتے رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق چند روز قبل تین بچے ایک حادثے میں کیمیکل لگنے کے باعث جھلس گئے تھے، اور اسکول سے غیر حاضر ہونے کے باعث معاملے کی تحقیقات کرنے پر یہ راز افشاں ہوا۔
واضح رہے کہ گوشت اور اس سے متعلقہ صنعت امریکہ میں سب سے خطرناک صنعت مانی جاتی ہے، اس شعبے میں ہونے والے حادثات دیگر شعبوں کی نسبت کئی گناء زیادہ ہیں، جس کے باعث صنعت کو اکثر و بیشتر مزدوروں کی کمی کا سامنا رہتا ہے، اور دیگر صنعتوں کی نسبت اس میں زیادہ معاوضہ بھی دینا پڑتا ہے۔ تاہم اس مسئلےکو حل کرنے کے لیے صنعت کار بچوں سے غیر قانونی مزدوری کرواتے پائے جاتے ہیں۔