افریقی ملک نائجر کے دارالحکومت میں ہزاروں افراد نے فرانسیسی چھاؤنی کے باہر مظاہرہ کیا ہے۔ شہریوں نے یورپی ملک کی افواج کے فوری ملک سے نکل جانے کا مطالبہ کیا۔
الجزیرہ نیوز کے مطابق شہری پر امن رہے تاہم پولیس کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے کے باعث کچھ مقامات پر شہری رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے چھاؤنی تک پہنچے۔ اس موقع پر فرانسیسی انتظامیہ نے بھی لوگوں کو دھمکایا کہ اس کے وسائل کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو فرانس بھرپور ردعمل دے گا تاہم شہری ٹس سے مس نہ ہوئے اور اپنا مظاہرہ جاری رکھا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ملک سے تمام غیرملکی افواج کو نکال دینا چاہتے ہیں تاکہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو سکے۔ مقامی سیاسی ماہرین کے مطابق فرانسیسی تعیناتیاں ملک میں سیاسی مداخلت کا باعث بھی بنتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق چھاؤنی میں 1500 فرانسیسی فوجی تعینات ہیں۔