محکمہ موسمیات کے ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق کراچی سے پندرہ سو کلومیٹر دور مشرقی بحیرہ عرب میں اس وقت ہوا کا شدید کم دباؤ موجود ہے جو کہ اگلے 36 گھنٹوں یعنی منگل کی رات یا بدھ کی صبح تک سمندری طوفان یا سائیکلون میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
ڈائریکٹر میٹ آفس کراچی سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس وقت بحیرہ عرب میں کوئی سمندری طوفان موجود نہیں ہے لیکن اگلے 36 گھنٹوں میں وائیو نامی طوفان بننے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ممکنہ طوفان یا سائیکلون بظاہر بھارتی گجرات کے ساحلوں سے ٹکراتا ہوا نظر آرہا ہے۔