ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ، ایران نے ایک غیر ملکی ٹینکر کو قبضے میں لے لیا ہے جو کچھ عرب ریاستوں کے لیے ایندھن سمگل کر کے لے جا رہا تھا۔ یاد رہے کہ خلیج فارس میں کشیدگی کایہ تازہ ترین اضافہ ہے۔ اسلامی جمہوریہ گارڈ کور کے طاقتور نیم فوجی دستے نے ٹینکر کو قبضہ میں لیا۔ آئی آر جی سی کے ایک کمانڈر کے حوالے سے بتایا گیا کہ ٹینکر میں 700،000 لیٹر فیول تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عملے کے سات ممبروں کو ایرانی حکام نے گرفتار کیا ہے۔
یہ گذشتہ کئی ہفتوں کے دوران خلیج عمان میں ایران کے ذریعہ قبضے میں لیا جانے والا تیسرا غیر ملکی ٹینکر ہے۔ ایک جہاز متحدہ عرب امارات سے متعلق تھا جبکہ دوسرا جہاز برطانوی پرچم والا تھا یہ قبضے اس وقت شروع ہوئے جب یورپی یونین کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایرانی خام تیل لے جانے والے ایک سپر ٹینکر کو برطانوی حکام نے اپنے سامان کو شام پہنچانے کی مبینہ کوشش کے دوران حراست میں لیا تھا۔ تہران نے اس قبضے کو بحری قزاقی کا فعل قرار دیا اور متنبہ کیا تھاکہ وہ جوابی کارروائی کرے گا۔