عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے آج جمعرات کو جنیوا میں ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس کو ’بین الاقوامی ایمرجنسی‘ قرار دینے پر غور ہوگا۔ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ ابتدائی طور پر اس پراسرار وائرس کے خطرات کوسنگین قرار نہ دینے پر ادارے کو افسوس ہے۔
واضح رہے کہ اس ادارے کے سولہ رکن ممالک کے ماہرین نے پچھلے ہفتے ہونے والے ایک اجلاس میں کرونا وائرس سے بگڑتی صورت حال پر غور کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اتنی سنگین نہیں لہٰذا اسے صحت کی ’عالمی ایمرجنسی‘ قرارنہں دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ڈبلیو ایچ او کی تاریخ میں صرف پانچ بار ایسا ہوا ہے کہ جب کسی جان لیوا وبا کے تیزی سے پھیلنے کے باعث ہنگامی حالات کا اعلان کیا گیا ہو۔ حالیہ برسوں میں ادارے نے ایبولا وائرس اور سوائن فلُو سے متعلق انٹرنیشنل ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔