سعودی آئل کمپنی آرامکو نے اتوار کے روز سعودی بیسک انڈسٹریز کارپوریشن (سابک) کے دو ارب 10 کروڑ حصص 259 ارب ریال (69 ارب 10 کروڑ ڈالر) میں خرید لیے ہیں جو کہ سابک کے کل حصص کا 70 فی صد ہیں۔سعودی آرامکو نے چار خصوصی ترسیلات زرکے ذریعے رقم ادا کردی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی آرامکو کا گذشتہ سال حکومت کے خود مختار دولت فنڈ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کے ساتھ پیٹروکیمیکل فرم کے بیشتر حصص کی خریداری کے لیے ایک سمجھوتا طے پایا تھا۔ سابک کے ایک حصص کی قیمت قبل ازیں 123 ریال (32۰8 ڈالر) مقرر کی گئی تھی۔ اس سمجھوتے کےتحت یہ بھی طے پایا تھا کہ سعودی آرامکو سابک کے حصص خریدنے کے لیے چار بانڈز کے ذریعے رقوم ادا کرے گی۔ یہ بانڈز سرکاری سرمایہ کاری فنڈ کو جاری کیے جائیں گے

سمجھوتے کے وقت آرامکو نے یہ واضح کیا تھا کہ خریداری کی کل قیمت کی 36 فی صد رقم کو مختلف اخراجات کی مد میں ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے اور یہ نقدی کی صورت میں ادا کی جائے گی جبکہ 64 فی صد رقم فروخت کنندہ کے قرضے کی شکل میں ادا کی جائے گی۔چناں چہ پی آئی ایف کو نقدی کی شکل میں ادا کی جانے والی رقم کی مالیت 50 کروڑ ڈالر ہوگی اور پانچ اضافی بانڈز کی مالیت ڈھائی ارب ڈالر ہوگی۔مارچ میں سعودی آرامکو کو سابک کی خریداری کے لیے یورپی کمیشن سے غیر مشروط کلیرینس مل گئی تھی۔ خریدار سے فروخت کنندہ ادارے کو رقوم کی ترسیل کے لیے یہ کلیرینس ضروری تھی۔
یاد رہے کہ مئی میں سابک نے اس سال کی پہلی سہ ماہی میں اپنے خالص منافع کی شرح میں پچیس فی صد کمی کی اطلاع دی تھی۔اس کی بڑی وجہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد پیٹروکیمیکل مصنوعات کی مانگ میں کمی ہے۔