سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے ملک میں موجود 160 ممالک کے خوش نصیب شہریوں کی حتمی فہرست تیار کر لی ہے، جنہیں موبائل فون پر پیغام کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے منتخب ہونے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
وزارت حج کے مطابق منتخب افراد نے تمام تر طبی ٹیسٹوں کو پاس کیا تھا اور صحت مندی کے سرٹیفیکٹ کے بعد ہی ان کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔
وزارت حج و عمرہ کے مطابق رواں برس صرف وہی افراد حج کر سکیں جو سعودی عرب میں مقیم ہوں جب کہ 28 ذیقعد سے 12 ذی الحج کے دوران بغیر اجازت نامے کے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حج کے مقامات میں داخلے کی کوشش پر 10 ہزار سعودی ریال یعنی ساڈھے چار لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
واضح رہے کہ رواں برس کورونا وبا کے باعث سعودی حکومت نے حج کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین میں 70 فیصد بیرون ممالک جبکہ 30 فیصد سعودی شہریوں کے لیے مختص کیا تھا تاہم غیر ملکی بھی صرف وہ افراد ہوں گے جو اس وقت سعودی عرب میں مقیم ہیں۔