ایرانی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں ایک منفرد مشق کر کے امریکہ کی خوب توجہ حاصل کی ہے۔ امریکی سیٹلائٹ کی جانب سے جاری کردہ تصاویر کے مطابق ایران نے دنیا کی اہم تجارتی راہداری آبنائے ہرمز میں امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے کے نمونے پر نشانہ بازی کی مشق کی ہے۔
مشق پر قطر میں موجود امریکی بحری بیڑے، جو دنیا میں امریکہ کا پانچواں بحری بیڑہ بھی کہلاتا ہے کی خاتون ترجمان ریبیکا ریبریخ نے تصدیق کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔
جبکہ برطانوی میڈیا کے مطابق مشق میں استعمال کیے جانے والے میزائل اور دیگر اسلحے سے پیدا ہونے والا ارتعاش اس قدر زیادہ تھا امریکہ کو خطے میں موجود اپنے فوجی اڈوں کو خبردار کرنا پڑا۔
امریکی اور دیگر عالمی ذرائع ابلاغ پر خوب تشہیر کے بعد ایران نے بھی مشق کی تفصیل جاری کی اور کہا کہ دنیا کو اندازہ ہو گیا کہ انکی بحریہ کتنی مظبوط ہے۔
جبکہ قطر میں موجود امریکی فوج کی ترجمان نے اپنے تفصیلی بیان میں کہا ہے کہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ایران اس طرح کی مشقوں سے کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، یا ان کی کتنی تکنیکی اہمیت ہے تاہم ہمیں اپنی بحری افواج کی صلاحیتوں پر یقین ہے، اور وہ کسی بھی خطرے کامقابلہ کرنے کی اہل ہیں۔