معروف چینی ایپلیکیشن ٹک ٹاک نے امریکہ میں اپنے معاملات مائیکروسافٹ کو بیچنے سے صاف انکار کر دیا ہے، اس بات کا اعلان ٹک ٹک کی مالک کمپنی بائیٹ ڈانس کی جانب سے ممکنہ معاہدے کے لیے مقرر تاریخ سے ایک ہفتہ قبل سامنے آیا ہے۔
چینی کمپنی کی جانب سے اعلان کے سامنے آتے ہی امریکی خبر رساں اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ بائیٹ ڈانس، ٹک ٹاک بیچنے کے لیے ایک دوسری امریکی کمپنی کو مائیکرو سافٹ پر ترجیح دے رہی ہے۔
امریکہ نے چینی کمپنی کو 45 ایام کی مہلت دے رکھی ہے، اور یوں 20 ستمبر تک ٹک ٹاک کو امریکہ میں اپنے انتظامات کسی مقامی کمپنی کو بیچنا ضروری ہے، ورنہ حکومتی انتباہ کے مطابق اس پر پابندی لگا دی جائے گی۔
معاملے پر مائیکروسافٹ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اگر وہ اس نیلامی کو جیتنے میں کامیاب رہتے تو امریکہ میں چینی اپلیکیشن کے معیار اور ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر خدمات فراہم کر سکتے تھے۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاک 1000 ملازمین کے ساتھ کام کرتی ہے اور اس کے صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ میڈیا رپورٹؤں کے مطابق کمپنی آئندہ تین سالوں میں مزید 10 ہزار ملازمین کے ساتھ مزید نئی خصوصیات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔