امریکی صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن نے میڈیا رپورٹنگ کی بنیاد پر فتح کا دعویٰ کر دیا ہے جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ حقیقی فاتح کو ہی امریکہ کا صدر بننے کی اجازت دیں گے۔
ایسوسیئیٹڈ پریس نے پنسلوینیا سے مبینہ فتح کی خبر دیتے ہوئے جوبائیڈن کو مطلوبہ 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب قرار دیا تھا جس پر حزب اختلاف کے امیدوار جو بائیڈن نے بھی فوری فتح کا اعلان کرتے ہوئے ٹویٹ میں کہا کہ وہ سب امریکیوں کے صدر ہوں گے، انکے بھی جنہوں نے انہیں ووٹ نہیں دیا۔
صورتحال پر اپنے ردعمل میں صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جو بائیڈن اپنے میڈیا اتحادیوں کی مدد سے فتح کا جھوٹا اعلان کر رہے ہیں۔ غیر قانونی ووٹوں اور میڈیا میں حاصل کی گئی اس فتح کو انکی قانونی ٹیم عدالت میں غلط ثابت کرے گی۔ صدر کا مزید کہنا تھا کہ قانونی ووٹ صدر کا انتخاب کرتے ہیں، نہ کہ ذرائع ابلاغ کی خبریں۔
امریکی صدر کی درخواست پر متعدد ریاستوں میں دوبارہ گنتی شروع ہو سکتی ہے۔ جن میں وسکونسن اور جارجیا زیادہ نمایاں ہیں جہاں جو بائیڈن کو بالترتیب محض 20 اور 7 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔ جبکہ پنسلوینیا میں بھی ڈاک ووٹوں پر پچھلی تاریخ ڈالنے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔