امریکہ اور یورپ میں کووڈ19 سے متاثرہ افراد مختلف نفسیاتی مسائل کا شکار ہونے لگے ہیں۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق مریضوں کی ایک بڑی تعداد کووڈ19 سے بچنے کے بعد نفسیاتی مسائل کا شکار ہو رہی ہے۔ چند مقامی جامعات کی مشترکہ تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ دونوں براعظموں میں کورونا سے متاثر ہونے والے 20 فیصد افراد نفسیاتی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
تحقیق کے مطابق ایسا تکلیف کے 90 دنوں کےاندرہو رہا ہے، متاثرہ افراد بے چینی، ماحول سے مطابقت نہ ہونے کے احساس، تکلیف کے بعد پیدا ہونے والے نفسیاتی مسائل کے ساتھ ساتھ نیند کی کمی اور حافظے کی کمزوری کی شکایت کر رہے ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ کووڈ19 سے بچ جانے والے افراد شدید ذہنی بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں، جس کے باعث محققین نے نفسیاتی ماہرین کو حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی تلقین کی ہے۔