دنیا کی بڑی سرمایہ کاریوں کو انتظامی مشاورت فراہم کرنے والی امریکی کمپنی بریج واٹر کے مالک رے ڈالیو کا کہنا ہے کہ چینی مارکیٹ عالمی سرمایہ داروں کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے، اور ڈالر تیزی سے اپنی وقعت کھو رہا ہے۔
سائیسکن سمٹ میں گفتگو کے دوران ارب پتی امریکی کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹیں اس وقت ایک خاص دور سے گزر رہی ہیں، ڈالر اپنی قدر کو برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے جبکہ چین سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ رے ڈالیو کا کہنا تھا کہ چین میں سرمایہ کاری کی ابھی بہت گنجائش ہے، اور ابھی یہاں بیرونی سرمایہ کار نہ ہونے کے برابر ہیں، لیکن اسکی جاذبیت سب کو اپنی طرف کھینچ رہی ہے۔ امریکہ اور اسکا ڈالر سرمایہ کاروں کے لیے مشکلات بڑھا رہا ہے، اور ایسے میں چین سرمایہ کاری کی کھلی آزادی دے رہا ہے۔
سمٹ میں شامل متعدد دیگر سرمایہ کاروں اور منتظمین کا کہنا تھا کہ متعدد عالمی بینک ڈالر کی بے قدری کے حوالے سے تنبیہ کرتے رہے ہیں، معروف ماہر معاشیات سٹیفن راچ بھی ڈالر کے حوالے سے پیشن گوئی کر چکے ہیں کہ امریکی کرنسی اگلے سال کے آخر تک 35٪ تک گر سکتی ہے۔