لبنان کے مغربی شہر بابدا کی جیل سے 69 قیدی جیل توڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق انہوں نے 15 قیدیوں کو واپس پکڑ لیا گیا ہے جبکہ 2 نے خود حوالگی دے دی ہے۔ فرار ہونے کی کوشش میں پانچ قیدیوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے قیدی ایک چوری کی گاڑی میں بھاگ رہے تھے، اور پیچھے آتی پولیس کے خوف میں مبتلا ڈرائیور نے گاڑی ایک درخت سے جا ماری، جس سے سوار پانچ قیدی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ انتہائی ڈرامائی تھا، فرار قیدیوں کے ایک گروہ نے ایک راہ گیر سے گاڑی چھینی اور تیزی سے شہر کے باہر نکلنے کی کوشش کی، تاہم کچھ ہی فاصلے پر ڈرائیور نے گاڑی کا کنٹرول کھو دیا اور گاڑی سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرائی، جس سے کار میں سوار پانچ قیدی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق اب بھی 46 قیدی فرار ہیں، جن کی تفصیلات جیل حکام نے عوام کو دے دی ہیں اور کسی اطلاع کی صورت میں پولیس کو خبر دینے کی ہدایت کی ہے۔
لبنان کے محکمہ داخلہ نے جیل توڑنے کے وقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔