یورپ میں گزشتہ ایک سال کے دوران نفرت پر مبنی رویے کے خلاف 6649 شکایات درج کی گئیں۔ ان میں سب سے زیادہ شکایات نسلی تعصب اور مہاجرین سے نفرت کے اظہار کے واقعات پر مبنی تھیں۔ فہرست میں دوسرے نمبر پر یہودیوں کے خلاف نفرت جبکہ تیسرے نمبر پر جنسی تفریق کی شکایات درج ہوئیں۔
یورپی تحقیقاتی اداروں کی مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دورانیے میں مجموعی طور پر 6694 شکایات میں سے 3033 نسلی تعصب اور مہاجرین کے خلاف تعصب کے واقعات پر مبنی تھیں جبکہ 1704 یورپ میں یہودیوں کے ہولو کاسٹ یا ان سے نفرت کے حوالے سے درج کروائی گئیں۔ جنسی تفریق کے خلاف اور دیگر اقلیتوں کے خلاف متعصبانہ رویوں کی شکایات بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر تھیں۔
تحقیق میں 39 ممالک کو شامل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ شکایات فرانس اور جرمنی میں نسل پرست گروہوں کے خلاف درج ہوئیں، جن میں سے خصوصاً کورونا کے پھیلاؤ میں مہاجرین اور غیر ملکیوں کے ملوث ہونے کے پراپیگنڈے کی شکایات سب سے زیادہ تھیں۔