روسی بحریہ نے جہاز شکن ہائیپرسونک زِرکون میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ بحیرہ ابیض میں ہوئے تجربے پر ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے بحری جنگ کا توازن روس کے حق میں بدل گیا ہے۔
بروز جمعہ روس نے میزائل کا تجربہ کیا جس کی ویڈیو وزارت دفاع نے جاری کی، میزائل کو 350 کلومیٹر کے مقررہ ہدف پر کامیابی سے جاتے دکھایا گیا ہے۔
آواز کی رفتار سے آٹھ گنا زائد رفتار سے حرکت کرنے والے میزائل کا سمندر سے ساحلی علاقے کا یہ پہلا تجربہ تھا۔ 2019 میں اپنے ایک بیان میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا تھا کہ زرکون میچ-9 کی رفتار کو بھی چھو سکتا ہے، یعنی تقریباً 7 ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار کو پا سکتا ہے، اور اسکی فاصلے کی حد 1000 کلومیٹر تک ہے۔ میزائل کو جلد بحریہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ زرکون سمندر سے حملہ کرنے کی صلاحیت والا دنیا کا پہلا کروز میزائل ہے۔
بروز ہفتہ روسی جوہری آبدوز بورل کلاس سے بھی ایک جدید میزائل بلاوا کا ختمی اور کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔