امریکہ منہیٹن کے سینٹ جوہن کلیسے میں ایک دعائیہ تقریب کے بعد اسلحہ بردار شخص نے پولیس پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی، جس پر جوابی کارروائی میں شخص شدید زخمی ہو گیا اور اسپتال میں دم توڑ دیا۔
دعائیہ تقریب کورونا کے باعث کلیسے کے باہر سیڑھیوں پر منعقد کی گئی تھی، اور واقعہ بھی وہاں ہی پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق تقریب میں تقریباً 200 افراد شریک تھے، تاہم کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے پہلے ہوائی فائرنگ کی اور پھر پولیس ،پر گولیاں برسانے لگا۔ پولیس نے حملہ آور کو ہتھیار پھینک دینے کی تنبیہ کی تاہم ایسا نہ کرنے پر اسے گولیاں ماری، طبی رپورٹ کے مطابق حملہ آور کو مجموعی طور پر 15 گولیاں لگیں، جن میں سے ایک سر پر بھی لگی۔
وقوعہ موجود ایک صحافی کے مطابق اس نے حملہ آور کو “مجھے مار دو، مجھے گولی مار دو” چلاتے سنا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور کے مقصد کا تاحال پتہ نہیں چلا اور اسکی شناخت کی کوشش بھی جاری ہے۔ تاہم حملہ آور کے تھیلے سےایک گیس سلنڈر، رسی، ٹیپ، تار، بہت سے چاقو اور انجیل برآمد ہوئی ہے۔ جس پر نیویارک پولیس اہلکار نے کہا ہے کہ حملہ آور کے پاس سے برآمد اشیاء سے اسکے ارادوں کی عکاسی ہوتی ہے۔