روسی وفاقی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ نیکولائی پیتروشیو کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک الیکسے نوالنے کو استعمال کرتے ہوئے روس میں سیاسی استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ماسکو میں اخبارات سے گفتگو میں ملکی سکیورٹی کونسل کے سربراہ سے یوکرین میں نوالنے کے حق میں مظاہروں سے متعلق پوچھا گیا تو انکا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کو روس میں ایسے (نوالنے) کارندے کی ضرورت ہے،، جو بغاوت کا سماں بنا سکے، اور ہڑتالوں کو شروع کر سکے۔ ہم نے یوکرین میں ایسے محرکات کو دیکھ لیا ہے، جو بالآخر ملک کی خودمختاری پہ سمجھوتے پر ختم ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ نوالنے کی حمایت میں نہ صرف کیف میں مظاہرے ہو رہے ہیں بلکہ یوکرین کے وزیرخارجہ نے اسکی پوری حمایت کا اعلان بھی کیا ہے۔
یوکرین کے وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ احتجاج کسی بھی شخص کا جمہوری حق ہے، آپ اس پر لوگوں پر تشدد نہیں کر سکتے، اور یوکرین اس لیے بھی نوالنے کی حمایت کرے گا کیونکہ دشمن کا دشمن آپ کا دوست ہوتا ہے۔ نوالنے صدر پوتن کا دشمن ہے۔
یوکرین میں مظاہرے کرنے والوں نے بھی بدعنوانی اور عوامی مفاد کے نعرے لگائے تھے، لیکن سب جانتے ہیں کہ وہاں کیا ہوا۔ بدعنوانی کے خلاف مہم کی علامت بنا دیے جانے والے روسی سیاسی و سماجی شخصیت الیکسے نوالنے کا نام لیے بغیر ایف ایس بی کے سابق سربراہ کا کہنا تھا کہ موصوف کئی بار مقامی قوانین توڑ چکے ہیں، لیکن ریاست نے اس پر سختی نہیں کی، اب اسے انصاف کے کٹھہرے میں لایا جائے گا۔
یاد رہے کہ نوالنے سزا یافتہ مجرم ہیں، انہیں 2014 میں فرانسیسی اور کچھ دیگر کمپنیوں سے فراڈ کے ذریعے 4 لاکھ ڈالر چوری کرنے کے الزام میں ساڈھے تین سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ سزا کو درخواست پر وقتی طور پر معطل کر دیا گیا تھا، لیکن تاحال یہ ختم نہیں ہوئی۔