رابطے کے لیے معروف ایپلیکیشن ٹیلیگرام کو جنوری 2021 میں سب سے زیادہ ڈاؤنلوڈ کیا گیا۔ ایپلیکیشن کے بانی پاول دوروو کا کہنا ہے کہ کا ماہ کے دوران ٹیلیگرام کے صارفین میں 40 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا اور بہت سے صارفین نے وٹس ایپ، ٹویٹر کو ترک کرتے ہوئے ٹیلیگرام کا استعمال شروع کیا ہے۔
ٹیلی گرام چینل پر دوروو کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ساڈھے سات سالوں میں ہم مسلسل صارفین کی معلومات کے تحفظ کو پہلی ترجیح بنائے ہوئے ہیں، ٹیلیگرام سب سے زیادہ محفوظ خدمات فراہم کرنے والی ایپلیکیشن ہے اور ہم ایپلیکیشن میں مزید بہتری بھی لاتے رہتے ہیں۔ ٹیلیگرام ہرشعبے کے صارف کے لیے بہترین انتخاب ہے۔
واضح رہے کہ مغربی ممالک میں بھی ٹیلیگرام کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ معروف ایپلیکیشنوں وٹس ایپ، فیس بک، ٹویٹر کا سیاسی تعصب بن رہا ہے۔ صارفین بڑی ابلاغی کمپنیوں کے رویے کو جمہوری روایات کے خلاف قرار دے رہے ہیں اور گزشتہ امریکی انتخابات میں واضح طرفداری پر بھی نالاں ہیں۔
اس کے علاوہ کمپنیوں کی جانب سے صارفین کی معلومات اور ڈیٹا سے متعلق اپنائی جانے والی نئی پالیسیاں بھی شہریوں کی ناراضگی کی باعث بن رہی ہیں۔ فیس بک کا متعدد دیگر کمپنیوں کو خرید کر ان کے صارفین کے ڈیٹا کو بھی کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی پالیسی نے صارفین میں اجارہ داری کے خوف کو بڑھایا ہے اور دنیا بھر میں لوگ دیگر ایپلیکیشنوں کا رخ کر رہے ہیں۔