مالی طور پر دنیا کے دو امیر ترین افراد ایلن مسک اور بل گیٹس میں کرپٹو کرنسی کو لے کر ٹھن گئی ہے۔ ایک طرف ایلن مسک کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار کر رہے ہیں تو دوسری طرف بل گیٹس لوگوں کو اس سے محتاط رہنے کہ تنبیہ کر رہے ہیں۔
رواں ہفتے، مالی طور پر دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص بل گیٹس نے مختلف میڈیا خصوصاً ویب ریڈیو سے گفتگو میں کرپٹو کرنسی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے، بل گیٹس کا کہنا تھا کہ جس کسی کے پاس امیر زادوں سے کم رقم ہے انہیں کرپٹو کرنسی کا خطرہ مول نہیں لینا چاہیے۔ اس کے علاوہ ایک ریڈیو ایپ سے گفتگو میں بل گیٹس نے خصوصاً بٹ کوئن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بٹ کوئن دیگر کرپٹو کرنسیوں کی نسبت زیادہ توانائی خرچ کرتا ہے، یہ ماحولیاتی طور پر مستقبل قریب میں نئے مسائل کا موجب بن سکتا ہے۔
بٹ کوئن کی غیرمستحکم قدر کے حوالے سے گفتگو میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اس چیز کا ٹیسلا کے مالک مسک پر شاید کوئی اثر نہ ہو، لیکن عمومی طور پر لوگ اس سے ضرور متاثر ہوں گے۔ مائیکروسافٹ کے بانی کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں عمومی طور پر وہ لوگ ایسی غیرمستحکم چیزوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں جن کے پاس ضروریات سے بڑھ کر پیسہ نہ ہو، جبکہ ہونا اس کے برعکس چاہیے، اگر آپ کے پاس مسک سے کم پیسہ ہے تو آپ کو ایسے کاموں سے صرف دور سے لطف اندوز ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے بٹ کوئن کی قدر میں حد درجے کی گراوٹ ہوئی ہے،اور یہ 58 ہزار ڈالر سے 47 ہزار پر آگیا ہے۔
یاد رہے کہ بٹ کوئن کی قدر میں حد درجے کا اٖضافہ بھی کچھ دن قبل ہی ہوا تھا، جب ایلن مسک نے بٹ کوئن میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی بڑی سرمایہ کی اور مستقبل میں اس کے ایک متبادل اور مقبول کرنسی ہونے کی پیشن گوئی کی امید کا اظہار کیا تھا۔