جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کی پولیس نے بچوں سے جنسی زیادتی کا مواد شائع کرنے والی اب تک کی سب سے بڑی ویب سائٹ پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے، ویب سائٹ کے لیے کام کرنے والے 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، پولیس کے مطابق ویب سائٹ کے 4 لاکھ سے زائد استعمال کنندگان تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ویب سائٹ 2019 سے چل رہی تھی، جبکہ دفتر سے چھاپے کے دوران کچھ مزید متعلقہ ویب سائٹوں کا سراغ بھی ملا ہے۔
گرفتار افراد میں 49 سالہ ملزم کو میونخ، 40 سالہ کو پیدربارن جبکہ 58 سالہ ملزم کو پیراگوئے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے ویب سائٹ کا تسلسل سے دورہ کرنے والے اور اس کے لیے بچوں سے جنسی زیادتی کی ویڈیو و تصاویر دینے والے ایک 64 سالہ شخص کو ہیمبرگ سے گرفتار کیا ہے، جس نے مبینہ طور پر ویب سائٹ کو 3500 سے زائد ویڈیو و تصاویر بیچیں۔
پولیس کے مطابق ویب سائٹ کے دفتر پر چھاپے کے دوران بچوں کے ساتھ پرتشدد جنسی زیادتی کا مواد بھی برآمد ہوا ہے، انتظامیہ نے زمہ داران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا عندیا دیا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ معصوم جانوں کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تحقیقات کے دوران یورو پولیس کے علاوہ امریکہ اور کینیڈا کے اداروں سے بھی مدد لی گئی تھی۔