ڈیجیٹل پیسہ کوئی حیثیت نہیں رکھتا، ان خیالات کا اظہار بینک آف انگلینڈ کے گورنر اینڈریو بائیلے نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کیا ہے۔ برطانوی بینک کے اعلیٰ عہدے دار نے لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ کرپٹو پیسے میں پیسہ جھونکنے سے باز رہیں، یہ سارا کھیل کسی بھی وقت بیٹھ سکتا ہے، لوگ اپنا سارا پیسہ ڈبو دیں گے۔
کرپٹو پیسے کے بارے میں شدید خطرات کا اظہار کرتے ہوئے بائیلے کا مزید کہنا تھا کہ اس کی بظاہر قدر میں اضافہ نظر آرہا ہے اور یہ سارا کھیل جاری بھی رہ سکتا ہے، لیکن اس پیسے کی اپنی کوئی قدر یا بنیاد نہ ہونے کے باعث حقیقت میں یہ بے وقعت چیز ہے، اور میں اسے صاف الفاظ میں کہہ رہا ہوں۔
یاد رہے کہ کرپٹو پیسے کے بارے میں ایسے ہی خیالات کا اظہار برطانوی مالیاتی امور کی اتھارٹی بھی کر چکی ہے۔ اتھارٹی نے واضح طور پر شہریوں کو متنبہ کیا تھا کہ کرپٹو پیسے میں سرمایہ کاری یا اس سے کاروبار کرنا انتہائی خطرناک ہے، اور ایسا کرنے والے کسی بھی لمحے اپنا سارا پیسہ کھو سکتے ہیں۔
برطانوی بینک نے وزارت خزانہ سے مل کر باقائدہ قومی ڈیجیٹل پاؤنڈ متعارف کروانے کی تجویز بھی پیش کر دی ہے، اور اس حوالے سے مواقع و خطرات پر غور کیا جا رہا ہے۔