امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز نے کابل کا خصوصی دورہ کیا ہے اور امارات اسلامیہ، افغانستان کے رہنما ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی ہے۔ اخبار کے مطابق ملاقات میں افغانستان میں امریکی و نیٹو افواج کے قیام میں توسیع پر گفتگو ہوئی، اور صدر بائیڈن جلد اس حوالے سے کوئی اعلان کر سکتے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ملاقات کابل میں ہوئی اور تاہم دونوں حریفوں کے مابین ہونے والی گفتگو اور رائے پر کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔ تاہم خبر کا وقت انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ میں افغانستان جنگ میں ناکامی اور ہنگامی انخلاء کے باعث حکومت پر کڑی تنقید ہو رہی ہے۔ اور اتحادی ممالک انخلاء کی تاریخ میں 31 آگست سے کچھ توسیع کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں لیکن طالبان نے توسیع کو وعدہ خلافی گردانتے ہوئے نتائج کی دھمکی دی ہے۔
امارات اسلامیہ افغانستان کے ترجمان اور امریکی خفیہ ادارے نے واشنگٹن پوسٹ کی خبر پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ سی آئی اے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ادارے کے سربراہ افغانستان پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ کے 6 روزہ خصوصی دورے پر ہیں جس میں وہ مصر، لبنان، مقبوضہ فلسطین، اور آزاد فلسطین کا دورہ کریں گے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر جوبائیڈن آئندہ 24 گھنٹوں میں اس حوالے سے اعلان کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ کابل پر امارت اسلامیہ افغانستان کے واپس قبضے سے اب تک امریکہ نجی ہوائی کمپنیوں کی خصوصی پروازوں اور عسکری جہازوں کی مدد سے اب تک 48 ہزار افراد کو نکال چکا ہے۔ تاہم مزید کتنے نکالے جائیں گے اور کتنے امریکی فوجی افغانستان میں باقی ہیں، اس حوالے سے کوئی اعدادوشمار نہیں دیے جا رہے۔