مقبوضہ فلسطین میں قابض صیہونی انتظامیہ کی انتہائی حساس گِلباؤ جیل سے 6 فلسطینی مجاہد فرار ہو گئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مجاہدین جیل میں سرنگ کھود کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں، قابض انتظامیہ نے مفرور مجاہدین کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مجاہدین جیل کے بیت الخلاء سے سرنگ نکال کر جیل سے نکلنے میں کامیاب ہوئے، جو جیل کے باہر جنوبی سڑک پر نکلالی گئی تھی۔ 6 اہم مجاہدین کے بھاگ نکلنے پر مقامی انتظامیہ کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، اور صیہوی شہری بھی انتظامیہ کا مذاق اڑا رہے ہیں۔
گلباؤ جیل قابض صیہونی انتظامیہ کا بدنام زمانہ زندان ہے جہاں خصوصی طور پر آزادی کی جدوجہد میں پکڑے جانے والے فلسطینیوں کو رکھا جاتا ہے۔ جیل مغربی کنارے سے کم از کم 4 کلومیٹر دور ہے۔
اطلاعات کے مطابق جیل سے بھاگ نکلنے والے 6 مجاہدین میں سے 5 کا تعلق تحریک اسلامی جہاد نامی تنظیم سے ہے جبکہ 1 زکریا زبیدی شہداء الاقصیٰ برگیڈ کا سابق کمانڈر ہے۔ شہداء الاقصیٰ قابض صیہونی افواج کے خلاف سخت کارروائیوں کے لیے معروف ہے۔
قابض انتظامیہ کے وزیراعظم نفتالی بینیت نے واقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہودیوں کے نئے سال سے پہلے ہونے والا واقع انتہائی حساس نوعیت کا ہے، جیلوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ قابض انتطامیہ نے بھاگ نکلنے والے مجاہدین کی تلاش میں مقبوضہ علاقوں کے علاوہ آزاد علاقوں میں بھی فلسطینی شہریوں کو تنگ کرنا شروع کر دیا ہے اور عام گھروں پر بھی بلا اجازت چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
قابض انتظامیہ کے مطابق مجاہدین اردن یا شمالی شہر جینن کی طرف بھاگنے کی کوشش کریں گے، اسی شبہے میں ان رستوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور تریت یافتہ کتوں کے علاوہ فوج کی مدد بھی طلب کر لی گئی ہے۔